سوات: گمبت میرا میں غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں اور تعمیرات کے خلاف آپریشن شروع

سوات: ٹی ایم او زاہد اللہ خان خٹک کی ہدایت پر گمبت میرا کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی ٹاؤنز اور تعمیرات کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق آپریشن کی نگرانی ایکسین فضل اکبر خان، آرکیٹیکٹ سید منصور علی شاہ، چیف ڈرافٹس مین آفیسر ذاکر خان اور اسسٹنٹ انسپکٹر انسداد تجاوزات عرفان خان کر رہے ہیں۔
آپریشن کے دوران غیر قانونی تعمیرات، غیر منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے منصوبوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں اور غیر قانونی تعمیرات سے گریز کریں تاکہ مستقبل میں قانونی پیچیدگیوں اور مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔



