شلخو سر آپریشن: 4 سے 6 مسلح افراد ہلاک، ایک پولیس اہلکار اور 4 شہری جاں بحق

سوات (نمائندہ خصوصی): سوات کے علاقے شلخو سر میں مسلح افراد کے خلاف جاری مشترکہ آپریشن میں پولیس کے مطابق 4 سے 6 مسلح افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ کارروائی کے دوران ایک پولیس اہلکار اور چار شہری جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق آپریشن آر پی او ملاکنڈ اور ڈی پی اوز سوات و بر سوات کی نگرانی میں جاری ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ایلیٹ فورس کے اہلکار گلفام مسلح افراد سے مقابلے میں شہید ہوگئے، جبکہ چار شہری بھی جاں بحق ہوئے۔
ترجمان کے مطابق پولیس کی کارروائی کے نتیجے میں مسلح افراد موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران 4 سے 6 مسلح افراد ہلاک ہوئے، تاہم اس حوالے سے آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
آر پی او ملاکنڈ کے مطابق علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس فورس الرٹ ہے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن اور سیکیورٹی اقدامات جاری ہیں۔

