سوشل لیب اسمارٹ ولیج پروجیکٹ کا افتتاح: کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے دیہی ترقی کے لیے منصوبے کو انقلابی قرار دیدیا۔
سوات، 8 جنوری 2025 – یونیورسٹی آف سوات کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا سنٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریم ازم (KP-CVE) کے تعاون سے “سوشل لیب اسمارٹ ولیج پروجیکٹ” کا افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن، عابد خان وزیر نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور منصوبے کو پاکستان کی دیہی ترقی کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے کہا کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے، اور ان علاقوں کو تعلیم اور جدید سہولیات کی فراہمی ملک کی ترقی، خوشحالی، اور امن کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے سوشل لیب اسمارٹ ولیج پروجیکٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ دیہی کمیونٹیز میں معیار زندگی کو بہتر بنانے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
منصوبے کی اہمیت پر مقررین کا اظہار خیال
تقریب میں کے پی سی وی ای کے چیف کوآرڈینیشن آفیسر ڈاکٹر ایاز خان، ڈی جی ڈاکٹر محمد قاسم، اور یونیورسٹی آف سوات کے وائس چانسلر ڈاکٹر حسن شیر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ یہ منصوبہ دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ، ڈیجیٹل تربیت، اور اسمارٹ انرجی سلوشنز جیسی جدید سہولیات فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ، ٹیکنالوجی سینٹرز اور تربیتی مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پاکستان کے دیگر علاقوں کے لیے بھی ایک ماڈل ثابت ہوگا۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف سوات، ڈاکٹر حسن شیر نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے اور خطے میں امن اور ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
کمشنر ملاکنڈ کا خطاب
کمشنر عابد خان وزیر نے کہا کہ دنیا بھر میں اقوام نے اپنی انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کرکے ترقی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل لیب اسمارٹ ولیج پروجیکٹ خیبرپختونخوا کے لیے ترقی، امن، اور خوشحالی کے لیے امید کی کرن ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کے اجراء پر یونیورسٹی آف سوات اور خیبرپختونخوا سنٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریم ازم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔