سیدو شریف ہسپتال کی کیجوالٹی میں طبی سہولیات کی بہتری کیلئے اقدامات، ڈاکٹر طارق عزیز کا مختلف شعبہ جات کا اچانک معائنہ

سیدو شریف: سیدو شریف ہسپتال کی کیجوالٹی کے انچارج اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر طارق عزیز نے کیجوالٹی میں مختلف شعبہ جات کا اچانک دورہ کرکے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے صفائی ستھرائی، او پی ڈیز، فارمیسی، ٹراما، مین آپریشن تھیٹر اور کار پارکنگ سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا جبکہ کیجوالٹی میں نئے تعمیر ہونے والے پولیس سہولت مرکز اور صحت سہولت پروگرام کے لیے مختص جگہ پر جاری تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔

ڈاکٹر طارق عزیز نے کہا کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد سلیم خان کی ہدایات کے مطابق ایمرجنسی میں آنے والے ہر مریض کو بلا تاخیر معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے اور زیادہ سے زیادہ سہولیات ایک ہی چھت تلے مہیا کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی پر موجود عملے کے لیے یونیفارم کی پابندی اور ڈیوٹی روسٹر پر عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کیجوالٹی میں سی ٹی سکین، ایکسرے، ایمرجنسی ادویات اور دیگر ضروری طبی سہولیات چوبیس گھنٹے دستیاب ہیں جبکہ بجلی کی بندش کے دوران خدمات کی بلا تعطل فراہمی کے لیے جنریٹرز بھی فعال رکھے گئے ہیں۔

پولیس سہولت مرکز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس کے قیام کا مقصد حادثات اور دیگر ہنگامی واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کو پولیس رپورٹ اور قانونی کارروائی کے سلسلے میں فوری سہولت فراہم کرنا ہے۔ مرکز میں ضروری ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ شکل میں محفوظ کرنے اور متعلقہ معلومات کی بروقت فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

ڈاکٹر طارق عزیز نے مزید بتایا کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کی رہنمائی اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے معلوماتی ڈیسک اور شکایات بکس بھی قائم کیے گئے ہیں۔ ان کے بقول کیجوالٹی میں طبی سہولیات کی بہتری کے لیے اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ آئندہ دنوں میں مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی اور ہسپتال میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے نگرانی اور اچانک معائنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Show More
Back to top button