سی پیک میں صوبہ خیبر پختونخوا کو حق نہ ملنے پر صنعت کار سراپا احتجاج
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔03اگست 2017ء )سی پیک میں صوبہ خیبر پختونخوا کو حق نہ ملنے پر صنعت کار سراپا احتجاج بن گئے ، کھل کر تحفظات کا اظہار کر دیا ، غیر ملکی اور ملکی صنعت کاروں کو یکساں مراعات دینے کا مطالبہ ، مسئلہ کو اعلیٰ سطح پر اُٹھانے کا فیصلہ ، سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی افضل نے واضح کیا ہے کہ سی پیک میں صوبے کو ان کا جائز حق نہیں دیا گیا ہے اور یکسر نظر انداز کیا گیا ہے جس کیوجہ سے خیبر پختونخوا کے صنعت کاروں میں تشویش پائی جاتی ہے ہم نے اس حوالے سے ہر فورم پر اپنی آواز اُٹھانے کیلئے صنعت کاروں سے رابطہ مہم شروع کر رکھا ہے اور آج ہم نے سوات کا دورہ کرکے سوات چیمبر آف کامرس کے ذمہ داروں کو اعتماد میں لے لیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں سوات چیمبر آف کامرس کے ضلعی کابینہ اور ذمہ داروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سرحد چیمبر آف کامرس کے نائب صدر عبیدا للہ ، ایگزیکٹیو ممبر غضنفر بلور اور دیگر عہدیداروں کے علاوہ سوات چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی حمید الرحمن ، نائب صدر یوسف علی خان ، سینئر نائب صدر علی محمد ، ممبر آف فیڈریشن پاکستان حاجی احمد خان ، ایگزیکٹو ممبرز عدنان ،راحت علی ، اکبر خان بھی موجود تھے، صوبائی صدر حاجی افضل نے سوات چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا دریں اثناء سوات چیمبر آف کامرس کی طرف سے اُن کومکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی اور کہا کہ یہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے اور مشترکہ طور پر اس مسئلے کو حل کرنے میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔