ضلع سوات میں انسدادِ خسرہ و روبیلا مہم کے لئے انتظامات کا جائزہ اجلاس
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے کہا کہ خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کے لئے انتظامات کرلئے گئے ہیں، ضلعی محکمے اس سلسلے میں بھرپور انتظامات کرچکے ہیں، ٹیموں کی سیکیورٹی پر بھرپور توجہ دی جائے گی جس کے لئے متعلقہ حکام کو خصوصی ہدایات کردی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 15 نومبر سے شروع ہونے والے خسرہ مہم کے حوالے سے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد سلیم خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف ریاض علی خان اور متعلقہ محکموں کے افسران سمیت، محکمہ پولیس و محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر ذیشان نے اجلاس کے شرکا کو تفصیلی بریفینگ دیتے ہوئے کہا کہ 12 روزہ خسرہ اور روبیلا کی خصوصی مہم 15 نومبر سے شروع ہوگی اور 27 نومبر تک جاری رہیگی اور اس مہم کے دوران 9 ماہ سے لیکر 15 سال تک کے بچوں کو روبیلا اور خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔ مہم کے دوران 14 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین لگانے کا حدف مقرر کیا گیا ہے۔ ویکسینیشن کے لئے عمومی اور خصوصی ٹیموں کے علاوہ تین موبائل ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔ عمومی ٹیمیں بی ایچ یوز جبکہ موبائل ٹیمیں ضلع بھر کے مختلف سکولوں،حجروں میں بچوں کو مذکورہ ویکسین لگائے گی۔ ٹیموں کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔