قومی وطن پارٹی نے ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کا نفاذ مسترد کردیا
سوات (زما سوات ڈاٹ کام)قومی وطن پارٹی نے سوات ملاکنڈڈویژن میں ٹیکسوں کے نفاذکو یکسر مستردکرتے ہوئے اے پی سی بلانے کا اعلان کردیا،حکومت لوگوں کو ریلیف نہیں دے سکتی تو عوام کی مشکلات اور پریشانیوں میں اضافہ بھی نہ کرے بصورت دیگر مایوس عوام سڑکوں کا رخ کرنے پر مجبورہوجائیں گے، قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری فضل رحمان کا بیان،اے پی سی میں تاجربرادری سمیت ہرطبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی،
ٹیکسوں کیخلاف تاجروں کا بھرپورساتھ دیں گے،سابق تحصیل ناظم فضل رحمان نونونے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہاکہ جب قبائلی علاقوں کو خیبرپختونخوا میں شامل کیا جارہاتھا تو اس وقت حکومتی نمائندوں نے ملاکنڈڈویژن کی آئینی حیثیت ختم کی اورٹیکسوں کی مدمیں صرف پانچ سال تک ریلیف دیا یہ فیصلہ اس وقت بھی ہم نے قبول نہیں کیا تھا مگر ستم بالائے ستم یہ کہ پانچ سال تو دور کی بات حکومت نے ابھی سے یہاں کے مصیبت زدہ عوام کے کاندھوں پر بجلی،گیس بلوں،ادویات اور دیگر اشیاء میں ٹیکسوں کابوجھ ڈال کر عوام دشمنی کا ثبوت دینا شروع کردیا ہے،
انہوں نے کہاکہ یوٹیلٹی بلوں میں مختلف ناموں سے ٹیکسوں کا اندراج،ادویات کی قیمتوں میں اضافہ اور پھر ٹیکسوں کی وصولی اورموبائل کارڈ میں بے تحاشا ٹیکس وصول کرنا ظلم کی انتہا ہے،انہوں نے کہاکہ ٹیکسوں کیخلاف تاجر برادری کا بھرپورساتھ دیں گے جبکہ اس حوالے قومی وطن پارٹی عنقریب آل پارٹی کانفرنس بلائے گی۔