آج کی خبریںسوات کی خبریں

محکمہ جنگلات کے ملازمین کے وفد کی سیکرٹری جنید خان سے ملاقات، رسک الاؤنس اور اپ گریڈیشن کے مطالبات پر پیش رفت

پشاور (عارف احمد) محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا کے ملازمین کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ملازمین کے ایک نمائندہ وفد نے سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبرپختونخوا جنید خان سے ملاقات کی اور انہیں ملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران وفد نے رسک الاؤنس، اپ گریڈیشن، شہداء پیکج اور دیگر فلاحی و سروس سے متعلق مطالبات پیش کیے۔ سیکرٹری جنید خان نے وفد کے مؤقف کو سنا اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مالیاتی نوعیت کے تمام مطالبات کے حوالے سے الگ الگ مراسلے تیار کرکے محکمہ خزانہ کو ارسال کیے جائیں تاکہ ان معاملات کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ قانونی اور انتظامی تقاضے پورے کرتے ہوئے متعلقہ فورمز سے منظوری کے لیے ضروری کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔

سیکرٹری جنید خان نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے افسران اور اہلکار قدرتی وسائل کے تحفظ، جنگلات کی افزائش اور ماحولیاتی استحکام کے لیے اہم خدمات انجام دے رہے ہیں، اس لیے ان کی فلاح و بہبود اور جائز مطالبات کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔

ملازمین کے نمائندوں نے مسائل کے حل کے لیے مثبت پیش رفت اور سیکرٹری کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مطالبات پر جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button