مدین میں 9 سالہ بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل، پولیس نے ملزم کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کرلیا

سوات : اپر سوات کے علاقے مدین کے کوز کلے میں 9 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیے جانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم سلطان محمد کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق 9 سے 10 سالہ بچی حشمل دختر جمال الدین سکنہ کوز کلے مدین کی لاش ہسپتال مدین منتقل کی گئی، جہاں پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مبینہ جنسی زیادتی کی تصدیق ہوئی۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ہونے کے شبہ میں سلطان محمد ولد شیر زمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ اس کے قبضے سے مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور گرفتار ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جاسکیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔


