ملاکنڈڈویژن کے پیرامیڈیکل سٹوڈنٹس کا مطالبات کے حق میں مظاہرہ اور ریلی
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 17 دسمبر 2018ء) آل پیرامیڈیکل سٹوڈنٹس فورم ضلع سوات ، شانگلہ اوربونیر کے طلبہ کا مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ ،پلے کارڈ اٹھائے مظاہرین گراسی گراؤنڈ سے جلوس کی شکل میں پریس کلب پہنچ گئے ، مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے نعیم سجاد ، حجاب الحق ، کامران خان ، عارف اللہ اوردیگرنے کہا کہ پشاور میڈیکل فیکلٹی میں ہونے والے اقدامات ہمیں ہرگز منظور نہیں جس سے میڈیکل کے طلبہ و طالبات کو مشکلات کا سامناہے ، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میڈیکل فیکلٹی میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام ہونا چاہئے ، حکومت پیرامیڈیکس کے ڈپلومہ رزلٹ مقررہ مدت سے تین ماہ دیرسے مشتہر کرے جبکہ ری چیکنگ سسٹم دوبارہ بحال کیا جائے کیونکہ موجودہ سسٹم غریب سٹوڈنٹس کے ساتھ زیادتی پر مبنی ہے ، انہوں نے کہا کہ موجودہ رزلٹ میں ایسے سٹوڈنٹس کو فیل کیا گیا ہے جنہوں نے ایف ایس سی اور بی اے ، بی ایس سی پاس کیا ہے ، میڈیکل فیکلٹی کو بورڈ کا درجہ دیا جائے ، پیرامیڈیکل طلباء و طالبات کیلئے ایک متفقہ نصاب بنایا جائے اورایک کریکولم دیکر اس سے کریکولم سے پیپر بنائے جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ مختلف سپیشلیٹی کیلئے نصاب کے مطابق ایک نصاب بنایا جائے تاکہ امتحان دینے میں آسانی ہو ، انہوں نے کہا کہ پیرامیڈیکل فیکلٹی میں پیرا میڈیکس کو تعینات کیا جائے اسی طرح پی ایم ڈی سی میں پیرامیڈیکل ڈاکٹرز اور نرسنگ کالجز ، سکول اور کونسل میں نرسنگ تعینات کی گئی ہے ، پشاور میڈیکل فیکلٹی کے تمام سٹاف کا احتساب کیا جائے ، پیرا میڈیکل سٹوڈنٹس کی کمیٹی بناکر ہمارے مطالبات کو سیکرٹری ہیلتھ اور دیگر اعلیٰ حکام تک پہنچائے جائیں ،اس موقع پر سیدوٹیچنگ ہسپتال کے صدر فضل سبحان اور جنرل سیکرٹری محمد ایازخان نے بھی طلباء و طالبات کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ، انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات چار دن کے اندر اندر حل نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے اورجو بھی نقصان ہوا اس کی ذمہ داری اعلیٰ حکام پرہوگی، اس دوران اے سی ریوینو سوات حامد اقبال موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل اعلیٰ حکام تک پہنچا ئیں گے ۔