ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس نفاذ کا معاملہ، امیر مقام سے تاجر رہنما عبدالرحیم کی ملاقات

سوات: ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے ملاقات کی، جس میں ملاکنڈ ڈویژن میں مختلف ٹیکسز کے نفاذ اور اس کے باعث پیدا ہونے والی بے چینی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عبدالرحیم نے وفاقی وزیر کو تاجر برادری، صنعتکاروں، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور وکلا برادری کی جانب سے ٹیکسز کے نفاذ پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسئلے کا مناسب حل تلاش نہ کیا گیا اور ٹیکس استثنیٰ میں توسیع نہ کی گئی تو صورتحال مزید کشیدہ ہوسکتی ہے۔
اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وہ آئندہ چند روز میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرکے ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسز کے نفاذ کا معاملہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور دیگر قائدین کو بھی اس معاملے میں شامل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام نے ماضی میں انتہائی نامساعد حالات کا سامنا کیا ہے، اس لیے ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس نفاذ کے فیصلے پر نظرثانی اور علاقے کے عوام کو مزید ٹیکس استثنیٰ دینے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق بھی اسی خطے سے ہے اور وہ یہاں کے عوام کی معاشی مشکلات اور دیگر مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، اس لیے وزیراعظم کے سامنے یہ معاملہ مؤثر انداز میں اٹھایا جائے گا۔



