منشیات کے خلاف آگاہی مہم، ایس ڈی پی او سٹی کا مصطفیٰ مسجد مرغزار ٹاؤن میں عوامی اجلاس

سوات: ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی ہدایات پر ایس ڈی پی او سرکل سٹی محمد نصیر نے مصطفیٰ مسجد، مرغزار ٹاؤن میں نماز کے بعد منشیات کی روک تھام اور عوامی آگاہی کے حوالے سے علاقائی عمائدین کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی او محمد نصیر نے کہا کہ منشیات ایک ایسا ناسور ہے جو نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لعنت کے باعث کئی گھرانے متاثر ہوئے ہیں اور بے شمار نوجوان اپنی زندگیاں برباد کر چکے ہیں، اس لیے معاشرے کے ہر فرد کو اس کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کی روک تھام کے لیے سوات پولیس مساجد کے ذریعے بھی آگاہی مہم چلا رہی ہے تاکہ علماء کرام اس حوالے سے عوام میں شعور بیدار کریں۔ انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں غلط صحبت سے بچائیں۔
ایس ڈی پی او نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشی یا اس کاروبار میں ملوث افراد کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
اجلاس میں شریک عمائدین نے منشیات کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے سوات پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔



