مٹہ بائی پاس پر سکول سوزوکی اور کار میں تصادم، 13 طالبات زخمی، ایک کی حالت تشویشناک

سوات (بیورو رپورٹ): مٹہ بائی پاس پر سکول سوزوکی اور موٹر کار کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثے میں 13 طالبات زخمی ہو گئیں، جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور مبینہ غفلت کے باعث پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی طالبات کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں تشویشناک حالت والی طالبہ کو سیدو شریف اسپتال ریفر کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ دونوں گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مٹہ بائی پاس پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔



