مٹہ سب ڈویژن میں زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم، ٹریفک و پولیس اہلکار مختلف شاہراہوں پر متحرک

سوات (عارف احمد): اسسٹنٹ کمشنر مٹہ محمد ادریس خان کی ہدایات پر مٹہ سب ڈویژن میں عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور سرکاری طور پر مقرر کردہ کرایہ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی چیکنگ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق اس مہم کے تحت ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس کے اہلکاروں کو مٹہ سب ڈویژن کی مختلف مرکزی شاہراہوں اور اہم مقامات پر تعینات کیا گیا ہے، جہاں پبلک ٹرانسپورٹ، فلائنگ کوچز، ویگنوں اور دیگر مسافر بردار گاڑیوں کی چیکنگ جاری ہے۔

چیکنگ کے دوران گاڑیوں میں سرکاری کرایہ ناموں کی موجودگی اور ان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مسافروں سے مقررہ نرخوں سے زائد کرایہ وصول کرنے کی شکایات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

اسسٹنٹ کمشنر مٹہ محمد ادریس خان نے واضح کیا ہے کہ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری کرایہ ناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Show More
Back to top button