کالام میں سیاحوں کا غیر معمولی رش، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ اور ٹورازم پولیس فیلڈ میں متحرک

سوات (عارف احمد): سوات کی حسین وادی کالام میں سیاحوں کی غیر معمولی آمد کے باعث ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے، جس کے پیش نظر سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں نے خصوصی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق سیکرٹری سیاحت خیبرپختونخوا سعادت حسن اور ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوذب عباس کی ہدایات پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ایڈمن) سعید الرحمان ٹورازم پولیس کے ہمراہ کالام میں موجود ہیں اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے، سیاحوں کی رہنمائی اور انہیں سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے فیلڈ میں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، اپنی لین میں سفر کریں، غیر ضروری پارکنگ سے گریز کریں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ تمام مسافروں کے لیے محفوظ، منظم اور خوشگوار سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیاحتی سیزن کے دوران کالام میں آنے والے سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے اور ٹریفک مسائل پر قابو پانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت متحرک ہیں۔

Show More
Back to top button