مٹہ میں بریک فیل رکشہ کار سے ٹکرا کر کھائی میں جا گری، خاتون جاں بحق، 14 افراد زخمی

سوات: اپر سوات کے علاقے مٹہ میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک رکشہ بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والی موٹر کار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں سڑک سے نیچے جا گریں۔
ریسکیو 1122 سوات کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو گاڑیوں سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مٹہ منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ ایک خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔



