مینگورہ شہر کے لئے صاف پانی کا منصوبہ زیر غور
سوات (زما سوات ڈاٹ کام)پی ٹی آئی ملاکنڈ ڈویژن کے صدر وچیئرمین ڈیڈک ایم پی اے فضل حکیم خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاورمیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان سے سوات اورخصوصاً ان کے حلقہ کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دیگرترقیاتی منصوبوں کے علاوہ مینگورہ کے شہریوں کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی پر بھی خصوصی بحث ہوئی۔اس موقع پر دونوں عوامی نمائندوں نے اس بات اتفاق کیا کہ باغ ڈھیرئی مینگورہ گریویٹی منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچاکر مینگورہ کے شہریوں کا مسئلہ حل کیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے اس منصوبے کو عملی کرنے کا اعزاز بھی تحریک انصاف کی حکومت کو حاصل ہے، واضح رہے کہ اس میگاپراجیکٹ کی سروے اور تمام ترکاغذی کارروائی ملک ہوچکی ہے انہوں نے متعلقہ حکام کو بھی اجلاس میں شریک کرکے ان کو ہدایت کی کہ وہ بلاتاخیر اس منصوبے پر کام شروع کرکے مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر مذکورہ منصوبے کے لئے ایک پلان بھی ترتیب دیاگیاہے جس کے تحت اس عوام دوست منصوبے کے ذریعے گھرگھر صاف اورشفاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایاجائیگا۔ وزیراعلیٰ محمودخان اورایم پی اے فضل حکیم خان کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں یہ طے پایاگیا کہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہناکر اس سے شہریوں کومستفید کیاجائیگا۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس کو بتایا کہ موجودہ حکومت عوام دوست منصوبوں کی تکمیل میں غیر معمولی دلچسپی لے رہے ہیں اس طرح کے کئی منصوبوں پرکام جاری ہے اس موقع پر فضل حکیم نے وزیراعلیٰ کا شکریہ اداکیا۔