آج کی خبریںسوات کی خبریں

مینگورہ گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی،پانچ فیڈر پینل مکمل تباہ،بحالی میں وقت لگ سکتا ہے، وزیراعلیٰ کا نوٹس

سوات(زما سوات ڈاٹ کام ) مینگورہ گریڈ اسٹیشن میں آتشزدگی سے پانچ  فیڈر پینل مکمل طور پر تباہ ہوگیا، دو تحصیلوں کے پندرہ لاکھ آبادی کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، واپڈا حکام کے مطابق گریڈ اسٹیشن کی بحالی میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں۔

سوات کے مرکزی شہر مینگورہ کے علاقہ رحیم آباد میں واقع بجلی گریڈ اسٹیشن میں جمعرات کی صبح کیبل شارٹ ہونے سے آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ایک پوری عمارت کو اپنے گھیرے میں لے لیا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی  کئی گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیاگیا۔

واپڈا حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے پانچ فیڈر پینل مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ انجینئر خالد خان نے ڈیلی ٹائمز کو بتایا کہ آگ کیبل شارٹ ہونے کہ وجہ سے لگی جس کی وجہ سے پانچ فیڈر پینل مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے ” بجلی کی بحالی میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں جس کے لئے پشاور سے ٹینکل ٹیم سوات پہنچ گئی ہے،ہماری کوشش ہے کہ جد از جلد بجلی کو بحال کیا جا سکیں۔”

گریڈ اسٹیشن میں آتشزدگی کے باعث سوات کی تحصیل کبل اور تحصیل بابوزئی کے پندرہ لاکھ آبادی کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ واپڈا حکام کے مطابق  متاثرہ فیڈر میں مینگورہ ٹو مالم جبہ،کانجو،اوڈیگرام،تختہ بند،کبل،قمبر،قلاگے،سیدو شریف، ڈھیرئی،گوگدرہ،سنگر ،دیولئی،مرغزار،مینگورہ  فور،سینور اسپتال،سیدو بابا،سیدو شریف ٹیچنگ اسپتال،حاجی بابا،اجرنگ اور شاہدرہ کے علاقے شامل ہیں۔

گریڈ اسٹیشن میں آتشزدگی کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے پیسکو حکام سے رابطہ کیا اور انہیں بجلی کی بحالی جلد ممکن بنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ بجلی کی بحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں،بجلی بندش کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،کم سے کم ممکنہ وقت میں متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کی جائے۔

بجلی کی بندش  کی وجہ سے مینگورہ شہر کے کاروباری حضرات سمیت لاکھوں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،منصور احمد جو موبائل کا کام کرتے ہیں ڈیلی ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صبح سے بجلی بند ہے جس کے باعث ہمارا کاروبار متاثر ہو رہا ہے” حکومت فوری طور پر بجلی بحال کرنے کے لئے اقدامات اُٹھائیں”

مینگورہ کے رہائشی عبداللہ خان نے بتایا کہ گزشتہ چار دنوں سے سوات میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اب بجلی کی بندش نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے،انہوں نے کہا کہ بجلی کی عدم فراہمی اور شدید گرمی کے باعث وہ مشکلات کا شکار ہے،متعلقہ حکام اور حکومتی نمائندے بجلی بحال کرنے میں کردار اد ا کریں۔

Related Articles

Loading...
Back to top button