وزیرِ ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کا یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز بریکوٹ کیمپس کا دورہ
سوات(زما سوات ڈاٹ کام ) بریکوٹ کے پسماندہ ترین علاقہ اب ایجوکیشن ہب بننے جارہا ہے، انجینئرنگ یونیورسٹی کیمپس، سکاؤٹ سنٹر کے بعد ایگریکلچر یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر پر مشاورت ہورہی ہے، بائیو ٹیکنالوجی اور سول انجینئرنگ کے شعبے میں تعلیم و تحقیق بریکوٹ کیمپس میں ہوگی، بہترین لوکیشن ہونے کی وجہ سے بریکوٹ کیمپس دیگر اضلاع کے نوجوانوں کو بھی اعلیٰ تعلیم کے لئے ماحول فراہم کرے گا، اعلیٰ تعلیم کا حصول ہر نوجوان کی دسترس میں لانا وزیرِ اعظم عمران خان کے وژن کا حصہ ہے،اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کو فروغ دے کر ہی قومیں ترقی کی راہ پر گامزن ہوئی ہیں،وزیرِ اعلیٰ محمود خان کے وژن کے مطابق پسماندہ علاقوں پر توجہ دے رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرِ ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز بریکوٹ کیمپس پروجیکٹ سائٹ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزیرِ ہاؤسنگ نے کیمپس پروجکٹ سائٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پروجکٹ منیجر ڈاکٹر نجیب اللہ نے صوبائی وزیرِ ہاؤسنگ کو یونیورسٹی کیمپس میں جاری ترقیاتی کاموں اور منصوبہ پر پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کیمپس کی تعمیر میں تیزی سے کام ہو رہا ہے اور منصوبہ پروجکٹ کے مقررہ وقت کے مطابق جنوری 2023 میں مکمل کیا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی کیمپس میں کلاس رومز، لیبز، کانفرنس ہال، کھیل کا میدان، مرد و خواتین نمازیوں کے لئے مسجد، فیکلٹی کے لئے بیچلر و فیملی فلیٹس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ بریکوٹ کیمپس میں جون 2023 میں کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بریکوٹ کیمپس میں سول و بائیو ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے گی اور اس مناسبت سے کیمپس کو خصوصی ڈیزائن دیا گیا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آرکیٹکچر کا بہترین نمونا ہونے کے ساتھ ساتھ کیمپس مکمل طور پر سولیرائز ہوگی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بریکوٹ کیمپس اپنے لوکیشن کی وجہ سے بھی منفرد ہوگی جو کہ سوات کے ساتھ دیگر قریبی اضلاع کے نوجوانوں کے لئے قریب ترین کیمپس ہوگا۔ اسی طرح ایک پسماندہ علاقے کا انتخاب کیا گیا تاکہ علاقے میں ترقی آئے اور غریب طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے لئے دیگر علاقوں کا رخ نہ کر نا پڑے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انجینئرنگ یونیورسٹی کا الحاق دنیا کے اہم یونیورسٹیوں اوٹا یونیورسٹی امریکہ، اور کیمبرج یونیورسٹی سے کیا گیا ہے تاکہ تحقیق و تربیت کے شعبوں میں جدید رجحانات سے فائدہ اٹھایا جائے۔ اسی طرح یونیورسٹی تحقیق کے علاوہ تربیت و روزگار کے لئے پروگرامز کا اہتمام بھی کرے گی۔ یونیورسٹی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے سیلف سسٹینبل ماڈل پر چلایا جائے گا۔ بریکوٹ کیمپس 162 کینال پر مشتمل ہے اور اس کیمپس کی تعمیر پر 1203.63 ملین روپے لاگت آئی گی اور کیمپس میں 1400 طلباء وطالبات تعلیم حاصل کرسکیں گے۔ کیمپس میں دور دراز کے 650 طلباء اور 150 طالبات کو ہاسٹل رہائش کی سہولت بھی میسر ہوگی۔