پاک فوج نے مٹہ بریم اور خوازہ خیلہ بانڈئی چیک پوسٹیں سوات پولیس کے حوالے کردیں
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 25 اکتوبر 2018ء) سوات میں چند روز قبل انتظامی اختیارات کی مقامی انتظامیہ کو منتقل کرنے کے بعد پاک فوج نے انتہائی اہم خوازہ خیلہ بانڈئی اور مٹہ بریم پل کی چیک پوسٹیں خالی کرکے پولیس کے حوالے کردیں۔ پولیس نے مذکورہ چیک پوسٹوں کے انتظامات سنبھال لیے۔ چیک پوسٹوں کی حوالگی کے موقع پر پُروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ خوازہ خیلہ میں چیک پوسٹ حوالگی کی تقریب میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل رفیع اللہ اور ڈی ایس پی بادشاہ حضرت خان نے شرکت کی جبکہ مٹہ بریم چیک پوسٹ حوالگی کی تقریب میں پاک فوج کے کرنل کامران بشیر اور سوات پولیس کے اکبر شنواری نے شرکت کی ان مواقع پر پر پاک فوج کے جوانوں نے چیک پوسٹوں کو خالی کرکے مکمل طور پر پولیس کے حوالے کردیئے۔ ڈی ایس پی بادشاہ حضرت خان اور اکبر شنواری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کسی بھی حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے اور اس ضمن میں پولیس ہمہ وقت تیار رہے گی ۔