کالام اُشو فاریسٹ میں انتظامیہ کا معائنہ، غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے پر کارروائی

بر سوات: گڈ گورننس عوامی ایجنڈا کے تحت سیاحوں اور مقامی افراد کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کالام نے اُشو فاریسٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران بعض دکانداروں اور ہوٹل مالکان کی جانب سے غیر معیاری اشیائے خوردونوش مہنگے داموں فروخت کرنے کی شکایات درست ثابت ہوئیں، جس پر انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری اشیاء قبضے میں لے کر سیل کر دیں۔
حکام نے متعلقہ دکانداروں اور ہوٹل مالکان کو تنبیہ کی کہ غیر قانونی سرگرمیوں اور عوام کو غیر معیاری اشیاء کی فراہمی سے گریز کیا جائے، بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دورے کے دوران اُشو فاریسٹ میں قائم ہوٹلوں، کیبنز اور ٹینٹس کا بھی معائنہ کیا گیا، جہاں صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت کے اصولوں اور مقررہ ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے ہوٹل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سیاحوں کو معیاری سہولیات، صاف ماحول اور محفوظ خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ضلعی انتظامیہ بر سوات کے مطابق سیاحتی علاقوں میں عوامی سہولیات، معیارِ خدمات، ناجائز منافع خوری کے خاتمے اور سرکاری ضوابط پر عملدرآمد کے لیے نگرانی اور کارروائیاں جاری رہیں گی۔



