کالام: دریائے سوات کے کنارے غیر قانونی چارپائیاں ہٹا دی گئیں، سیاحوں میں حفاظتی آگاہی مہم

کالام: اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کالام میں سیاحوں کی حفاظت کے پیشِ نظر خصوصی آگاہی مہم کا انعقاد کیا، جس کے دوران دریائے سوات کے کنارے قائم غیر قانونی چارپائیاں ہٹا دی گئیں اور سیاحوں میں حفاظتی بروشرز تقسیم کیے گئے۔

مہم کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان نے ٹورازم پولیس کے ہمراہ دریائے سوات کے کنارے قائم غیر قانونی چارپائیاں ہٹوائیں۔ اس موقع پر خصوصاً فیملیز کو دریا کے قریب جانے، پانی میں اترنے، سیلفیاں لینے اور خطرناک مقامات پر رکنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق مہم کا مقصد موجودہ موسمی صورتحال کے دوران سیاحوں میں حفاظتی شعور اجاگر کرنا، ممکنہ حادثات کی روک تھام اور محفوظ سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے تمام سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کی جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں، دریاؤں اور تیز بہاؤ والے مقامات سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ٹورازم ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کریں۔

Show More
Back to top button