کالام سے کمراٹ،جازبانڈہ تک 114 کلو میٹر روڈ بنایا جائیگا،عاطف خان
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 19 ستمبر 2019ء) سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان نے کہا ہے کہ کمراٹ اور جاز بانڈہ قدرتی حسن سے مالا مال وادیاں ہیں وزیراعظم عمران خان کے دورے کے بعد ان وادیوں کا قدرتی حسن آشکار ہوچکاہے اور وزیراعظم ان علاقوں کو بنیادی انفر ا سٹرکچر سمیت تمام سہولیات اور ترقی دینے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔کالام سے کمراٹ اور جاز بانڈہ تک 114 کلومیٹر کوریڈور بنایا جائیگا جسکے لئے ماسٹر پلان تیار کیاجارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپر دیر کے پر فضاء مقامات کمراٹ اور جازبانڈہ کے دورے کے موقع پر کیا۔ سینئر وزیر نے دونوں وادیوں میں سیاحتی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر کمراٹ کا دورہ کررہے ہیں۔کمراٹ قدرتی حسن سے مالا مال علاقہ ہے. یہاں انفرسٹرکچر سمیت دیگر تمام سیاحتی سہولیات فراہم کی جائیگی جس سے علاقے میں سیاحتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔انہوں نے کہا کہ کمراٹ اور جاز بانڈہ صوبے کے سیاحتی مقامات میں ایک نیا اضافہ ہے اور یہاں کا قدرتی حسن صوبے کے دیگر سیاحتی مقامات سے کئی گناہ زیادہ ہے۔وزیر سیاحت نے کہا کہ صوبائی حکومت سیاحت کو معاشی ترقی کا اہم ذریعہ بنانے کے لیے نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس ضمن میں صوبہ بھر میں مربوط سیاحتی زونز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہیتاکہ وہاں پر سیاحوں کیلئے تمام سہولیات فراہم کیے جاسکیں۔کمراٹ اور کئی دیگر سیاحتی مقامات دیر کے علاقے میں قدرتی حسن وجمال سے مالامال ایسے علاقے ہیں جو اپنی جاذب نظر نظاروں کی بدولت سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں اور حکومت کی یہ سنجیدہ کوشش ہے کہ ان سیاحتی مقامات کو ترقی دے کر اسے سیاحت کے لیے مزید دلکش بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمراٹ خطہ زمین پر سوئٹزرلینڈ سے بھی زیادہ حسین و جمیل علاقہ ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق یہاں پر معیاری زمینی راستے اور دیگر درکار سہولیات کو فراہم کیا جائے گ اور ان سے کمراٹ کے علاقہ میں لوگوں کو درپیش مسائل اور اس کے حل کے لیے ممکنہ تجاویز کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔واضح رہے کہ سیاحتی مقام کمراٹ کوصوبے کے کسی بھی وزیر سیاحت کا یہ پہلا دورہ ہے اور مقامی عوام نے اس دورے کو کمراٹ کی ترقی کیلئے انتہائی اہم قرار دیا۔ دورے کے دوران سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سیر و سیاحت کا فروغ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ایجنڈے کااہم جزوہے اور کوشش ہے کہ صوبہ بھر میں ہر نوعیت کی سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات تک کو رابطہ سڑکوں اور وہاں پر رہائشی سہولیات کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ملکی و غیرملکی سیاحوں کا رخ اب ہمارے صوبے کی جانب راغب ہو رہا ہے۔سینئر وزیر نے بتایا کہ صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتیں سیاحت کے فروغ کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہیں۔صوبے میں مربوط سیاحتی زونز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جسکے لئے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔محکمہ سیاحت کے بجٹ میں رواں سال 100 گناہ اضافہ کیا گیا ہے اسکے علاوہ باہر کے ممالک سے بھی سرمایہ کار سیاحتی شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کو ایک منافع بخش شعبہ بنایا جائیگا۔ سیاحت ایسا شعبہ ہے جس کے ذریعے صوبے اور ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔