کالام میں ٹریفک حادثہ، کوئٹہ سے آنے والا سیاح جاں بحق، متعدد زخمی

سوات: سیاحتی مقام کالام کے مہوڈنڈ روڈ پر پلوگا کے مقام پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک سیاح جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان کے مطابق حادثہ کوئٹہ سے آنے والے سیاحوں کی گاڑی کو پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوذب عباس کی ہدایات پر ٹورازم پولیس کالام اسکواڈ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔
ترجمان کے مطابق ٹورازم پولیس اہلکاروں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے زخمی سیاحوں کو بروقت کالام ہسپتال منتقل کرنے میں معاونت فراہم کی۔
حادثے کی مزید تفصیلات اور زخمیوں کی حالت سے متعلق معلومات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔



