آج کی خبریںسوات کی خبریں

کالام میں ٹمبر مافیا کی جانب سے درختوں کی کٹائی بدستور جاری

زما سوات ڈاٹ کام(27 اپریل2019 ء) کالام میں جنگلات کی کٹائی عروج پر، مختلف مقامات پر تازہ سینکڑوں درختوں کو کاٹ دیا گیا۔ محکمہ فارسٹ کے اہلکاران اور ٹمبرمافیاز کی ملی بھگت سے کٹائی ہورہی ہے، شاہ نظرخان۔ تفصیلات کے مطابق ولیج کونسل آشورن کے چیئرمین شاہ نظرخان نے کالام میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وادی کالام کے مختلف علاقوں بیوں، کس اور انکر میں ٹمبرمافیاز نے اپنا راج قائم کرلیا ہے اور ایک ہی جگہ پر سینکڑوں قیمتی دیار کے درختوں کو کاٹ دیا گیا ہے۔ ٹمبرمافیاز نے دن دہاڑے خودساختہ کٹائی مشین مختلف جنگلات میں نصب کرکے سلیپربنارہے ہیں، جبکہ بار بار درخواستوں کے باوجود محکمہ فارسٹ کے حکام نے چپ سادھ لی ہے، جس سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ محکمہ فارسٹ کے ڈی ایف او، ایس ڈی ایف او، فارسٹر اور فارسٹ اہلکاران اور ٹمبرمافیاز آپس میں ملے ہوئے ہیں اور کالام کے حسن کو بیچ رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلی محمود خان اور وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ سے فوری طور پر کمیٹی تیار کرکے کالام میں جنگلات کی کٹائی کی انکوائری کا مطالبہ کرلیا ہے۔اگر کاروائی نہیں کی گئی تو احتجاجی مظاہروں پر اترآئیں گے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button