کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان کا خپل کور ماڈل سکول مکانباغ کا دورہ
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے خپل کور ماڈل سکول مکانباغ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات عرفان اللہ خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن مختلف کلاس رومز گئے اور اساتذہ اور طلباء سے ملے۔ اس موقع پر انہوں نے سکول کے مختلف سیکشنز کا بھی دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر خپل کور فاؤنڈیشن انتظامیہ کی جانب سے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کو خپل کور فاؤنڈیشن کے تحت یتیم اور بے سہارا بچوں کے فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے اقدامات اور جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر خپل کور فاؤنڈیشن محمد علی، سرپرست اعلیٰ شیر محمد، پرنسپل نثار احمد، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران حامد خان اور عفت ناصر موجود تھے۔ بریفنگ میں ڈائریکٹر خپل کور فاؤنڈیشن محمد علی کا کہنا تھا کہ 1996 میں قائم کئے گئے خپل کور فاؤنڈیشن ترقی کی منزلیں طے کرتا ہوا ایک منظم اور مضبوط ادارے میں تبدیل ہو چکا ہے جس کی سرپرستی میں یتیم اور بے سہارا بچوں کے لئے بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔ مخیر حضرات اور اداروں اور حکومتی تعاون کی وجہ سے ادارہ سکول سہولیات سے اب کالج لیول خدمات فراہم کرنے جارہا ہے جس پر کام تیزی سے جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکول ماڈل سے شروع ہونے والا ادارہ اب ویلج ماڈل میں منتقل ہوچکا ہے جس کے توسیعی مرحلہ پر کام جاری ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے سکول میں فراہم سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہنا تھا کہ خپل کور ایک ماڈل ہے جس کی خدمات دیگر اضلاع تک پھیلانے کی ضرورت ہے۔