آج کی خبریںسوات کی خبریں

کنٹونمنٹ بورڈ کے خلاف سوات میں ہزاروں افراد کا احتجاجی مظاہرہ

سوات: تحصیل کبل کے تین یونین کونسلوں کانجو، کوزہ بانڈی، اور برہ بانڈی کے ہزاروں افراد نے کنٹونمنٹ بورڈ کے خلاف عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ڈھیرئی گراؤنڈ سے کانجو چوک تک ریلی نکالی اور کانجو چوک میں احتجاج ریکارڈ کیا۔

مظاہرے کی میزبانی تنظیم سمہ لار نے کی، جبکہ مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں اور مقامی عمائدین نے احتجاج میں بھرپور شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم سمہ لار کے چیئرمین سلطان علی خان، سابق ایم پی اے رحمت علی خان، چیئرمین تحصیل کبل سعید خان، سابق چیئرمین حاجی رحمت علی، اور دیگر مقررین نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کا قیام کسی صورت قبول نہیں اور مزید زمینیں دینے سے انکار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں عوام نے پہلے ہی بہت قربانیاں دی ہیں اور اب مزید قربانیوں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ مقررین نے واضح کیا کہ عوام کی مرضی کے بغیر کوئی فیصلہ نافذ نہیں ہوگا اور عوامی رائے کو ہر حال میں ترجیح دی جائے گی۔

مظاہرین نے متفقہ طور پر کہا کہ وہ کنٹونمنٹ بورڈ کے قیام کے خلاف آئندہ بھی احتجاج جاری رکھیں گے اور کسی بھی قسم کی مزید زمین دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ احتجاج میں علاقے کے سیاسی و سماجی رہنماؤں کے علاوہ مقامی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Related Articles

Loading...
Back to top button