گل کدہ کے رہائشی حضرت اسلام عرف "تورے” کا منشیات فروشی چھوڑنے کا اعلان، حلال روزگار اختیار کرنے کا عزم

سوات : سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گل کدہ کے رہائشی حضرت اسلام عرف "تورے” نے منشیات فروشی سے دستبردار ہونے اور آئندہ اس کاروبار سے دور رہنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں کوئی شخص ان کے نام کا استعمال کرتے ہوئے منشیات فروشی کرے یا اس کاروبار میں ملوث پایا جائے تو اس کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ ایسے معاملات کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔

حضرت اسلام نے کہا کہ آئس سمیت دیگر منشیات نوجوان نسل کے لیے نقصان دہ ہیں، اسی لیے انہوں نے اس کاروبار کو ترک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے میڈیا کے سامنے قرآن کریم پر حلف اٹھاتے ہوئے کہا کہ آئندہ وہ منشیات فروشی نہیں کریں گے اور اپنے خاندان کی کفالت کے لیے حلال روزگار اختیار کریں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض افراد ان کا نام استعمال کرکے منشیات فروشی کرتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں پولیس اور عدالتوں کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہر قسم کی قانونی کارروائی میں تعاون کریں گے۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ انہیں بلاجواز منشیات فروشی کے الزامات کے تحت ہراساں نہ کیا جائے اور حقائق کی روشنی میں معاملات کا جائزہ لیا جائے۔

Show More
Back to top button