سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 05 جولائی 2018ء) سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس کے نفاذ کیخلاف کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال پر ڈویژن بھرکی تاجر برادری اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن کی تاجر برادری نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال کرکے یہ ثابت کر دیا کہ یہاں کی عوام ٹیکسوں کے اضافی بوجھ کے متحمل نہیں، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے طول و عرض میں کامیاب شٹر ڈاؤن سے ثابت ہوتا ہے کہ یہاں کی تاجر برادری اور عوام ٹیکسوں کے نفاذ کیخلاف ہیں ، بٹ خیلہ ، دیر لوئر ، دیر اپر ، ضلع بونیر ،شانگلہ سمیت سوات کے چھوٹے بڑے بازار بند رہیں انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور عوام سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور ملاکنڈ ڈویژن کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو اعتماد میں لینے کے بعد ہی اگلا قدم اُٹھایا جائے گا شٹر ڈاؤن کا مقصد حکومت کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم کسی بھی قسم کا ٹیکس ملاکنڈڈویژن میں نہیں مانتے اور نہ ہی یہاں کے معاشی طور پر بد حال عوام ٹیکسوں کے متحمل ہو سکتے ہیں یہاں کے عوام پہلے سے کشیدگی ، زلزلوں اور سیلابوں سے متاثر ہیں ان پر مزید بوجھ ڈالنے سے گریز کیا جائے ہم نے جو احتجاجی تحریک شروع کی ہے شٹر ڈاؤن اس کی پہلی کڑی ہے انہوں نے کہا کہ بہت جلد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا جس کے بعد احتجاجی تحریک کو مزید آگے بڑھایا جائے گا ۔