جماعت اسلامی کے زیراہتمام کشمیر مارچ کا انعقاد
سوات(زما سوات ڈاٹ کام)جماعت اسلامی ضلع سوات کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں گرین چوک تا نشاط چوک کشمیر مارچ منعقد کیا گیا،جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع سوات محمد امین نے کی۔یکجہتی کشمیر مارچ سے مینگورہ شہر کے امیر خورشید اقبال،تحصیل کبل کے امیر حاجی رحمت علی،حاجی محمد اسحاق،نائب امیر جماعت اسلامی سوات حافظ اسرار احمد،جنرل سیکرٹری مفتی شیر محمداور جمعیت طلبہ عربیہ کے منتظم ضلع اعزاز احمد نے خطاب کیا۔مقررین نے کہاکہ اہلیان ِکشمیر پر 185 دن سے ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے۔
نوجوانوں کا قتل عام ہورہاہے،کشمیر ایک کروڑ انسانوں کا جیل خانہ بناہواہے،کشمیر کے عوام کی خواہش کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل دنیا کی امن کیلئے بہت اہم ہے۔اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اسے کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا کشمیری عوام کا مسلمہ حق ہے۔مقررین نے جد وجہد آزادی کرنے والے نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیاکہ اہلیان سوات تحریک آزادی کی جد وجہد کی دینی اخلاقی جد وجہد جاری رکھے گی۔