کورونا وبا؛ مزید61 مریضوں میں وائرس کی تشخیص، مردان میں لاک ڈاؤن
کراچی(ویب ڈیسک) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، اب تک ملک بھر میں اس وائرس سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جاچکی ہے۔
وفاقی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 61 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح کورونا وائرس سے متاثرہ کل مریضوں کی تعداد 302 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے 205 ، پنجاب میں 33، خیبر پختونخوا میں 17، بلوچستان میں 23، گلگت بلتستان میں 11 اور آزاد کشمیر میں ایک مریض زیر علاج ہے۔
مردان میں لاک ڈاؤن
گزشتہ روز کورونا وائرس سے شہری کی ہلاکت کے بعد مردان کی یونین کونسل منگا میں غیر معینہ مدت کے لیے لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر مردان نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق یونین کونسل سے کوئی شخص نہ تو باہر جاسکتا ہے اور نہ اندر آسکتا ہے۔ مرحوم شخص کے خاندان کے تمام افراد کے مردان میڈیکل کمپلیکس میں ٹیسٹ اور اسکریننک جاری ہے۔