لاک ڈاؤن میں نرمی: کراچی سمیت سندھ میں کاروبار جزوی بحال
کراچی(ویب ڈیسک)سندھ میں لاک ڈاون میں نرمی کے بعد مختلف شہروں میں کاروبار جزوی طور پر بحال ہوگیا ہے۔ صوبائی حکومت کے نوٹیفکیشن میں آج سے لاک ڈاؤن میں مختلف شعبہ جات سے منسلک افراد کو کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تین ہفتوں سے بند کراچی کے اولڈ ایریا میں ہلکی پھلکی تجارتی سرگرمیاں نظر آرہی ہیں جب کہ تعمیراتی شعبے نے کام شروع کردیا ہے اور بلڈنگ میٹریل کی دکانیں کھل گئی ہیں۔
اردو بازار میں پولیس نے دکانیں نہ کھولنے دیں
اسٹیشنری کے کام کی اجازت پر کراچی کے تاجر اردو بازار پہنچ گئے تاہم پولیس نے دکانیں نہ کھولنے دیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ پولیس دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں دے رہی جب کہ پولیس کا مؤقف ہےکہ ان کے پاس کاروبار کرنے کی اجازت کی اطلاع نہیں۔
اندرون سندھ میں بھی کاروبار جزوی بحال
ادھر جیکب آباد شہر میں بھی کاروبار زندگی جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئی ہے اور لاک ڈاؤن میں نرمی کے اعلان کے بعد درزی، حجام، فوٹو اسٹیٹ اور رنگ فروش کی دکانیں کھل گئی ہیں اور اہم شاہراوں سے پولیس نے ناکے ہٹا دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بدین شہر میں بھی درزی، حجام، اسپیئر پارٹس کی دکانیں کھل گئی ہیں۔ واضح رہےکہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے تک توسیع کرتے ہوئے اسے 30 اپریل تک بڑھادیا ہے تاہم اس دوران کچھ شعبوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔