کراچی ائیرپورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر بھی کورونا وائرس میں مبتلا
کراچی(ویب ڈیسک)کراچی کے جناح ائیرپورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ ذرائع سی اے اے کے مطابق چیف آپریٹنگ آفیسر جناح ٹرمینل کاکورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد انہیں چھٹیاں دیتے ہوئے آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، سی او او جناح ٹرمینل اپنے گھر میں ہی قرنطینہ میں رہیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ سی او او جناح ٹرمینل کراچی ائیرپورٹ پر فرنٹ لائن پر ڈیوٹی افسران میں شامل تھے،
اس لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر ائیرپورٹ مینیجر کے ساتھ ڈیوٹی کرنے والے افسران کو بھی قرنطینہ میں رہنےکی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر ایچ آر سول ایوی ایشن اتھارٹی ملک مظہر حسین نے ائیرپورٹ مینیجر کا اضافی چارج ظفر اعتماد کے سپرد کر دیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ظفر اعتماد صدیقی ڈائریکٹر آپریشن تعینات ہیں، ایڈیشنل ڈائریکٹرکاشف شاہ ڈپٹی ائیرپورٹ منیجر کراچی کا اضافی چارج دیکھیں گے۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ ملک میں اب تک کیسز کی تعداد 6 ہزار 400 سے زائد ہوچکی ہے جب کہ اموات کی تعداد 117 ہوگئی ہے۔