فیسوں میں اضافے کے خلاف جہانزیب کالج کے طلباء کا احتجاجی مظاہرہ
سوات(زما سوات ڈاٹ کام)جہانزیب کالج کے طلبہ کا فیسوں میں اضافے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ،اضافہ مسترد،حکومت سے نظرثانی اورامتحانات منعقد نہ ہونے کی صورت میں لی گئی فیسیں واپس کرنے کا مطالبہ،اس حوالے سے گذشتہ روز جہانزیب کالج کے طلبہ نعرے لگاتے ہوئے جلوس کی شکل میں سوات پریس کلب کے سامنے پہنچ گئے اوراحتجاجی مظاہر ہ کیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ سیکنڈشپ کے طلبہ کے ساتھ سوتیلانہ اور ظالمانہ سلوک کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے کالج میں تین دن کلاسیں لی جاتی ہیں جبکہ فیس پوری وصول کی جاتی ہے،انہوں نے کہاکہ یا پورے ہفتے کلاسوں کو یقینی بنایا جا ئے اور یا فیسوں میں کمی لائی جائے کیونکہ غریب طلبہ مزید مالی بوجھ ہرگز برداشت نہیں کرسکتے،انہوں نے کہاکہ اگر کرونا کی وجہ سے کلاسوں کو محدود رکھا گیا تو پھر جلسے اور جلوسوں کا سلسلہ کیوں جاری رکھا گیا ہے حیرانگی کی بات یہ ہے کہ بڑے بڑے جلسوں سے کرونا نہیں پھیلتا مگر تعلیمی اداروں میں پھیل رہاہے،یہ صورتحال سمجھ سے بالاتر ہے،انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن کے دوران طلبہ سے امتحانات کیلئے فیس لی گئی مگر امتحانات منعقد نہ ہوسکے تاہم اس کے باوجود بھی فیسوں کو واپس نہیں کیا گیا،انہوں نے کہاکہ اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ڈویژن بھر میں احتجاجوں کا سلسلہ شروع کرنے پر مجبور ہوجائیں گے،مظاہر ہ سے پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے سابق صدر احتشام وکیل،جنرل سیکرٹری زریاب خان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔