آج کی خبریںسوات کی خبریں

ملاکنڈ ڈویژن میں کووڈ ویکسینیشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس، اقدامات تیز کرنے کی ہدایات


سوات(زما سوات ڈاٹ کام ) ملاکنڈ ڈویژن میں ماس ویکسینیشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا سید امتیاز حسین شاہ نے کی۔ اجلاس میں بریگیڈیئر احمد کمال نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژن بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسرز، کووڈ ریسپانس ٹیم اور پاک آرمی کے سول ایڈمنسٹریشن سپورٹ ٹیم نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژن کے تمام اضلاع میں کورونا وبائی صورتحال، کووڈ کے حوالے سے مجموعی ویکسینیشن اور نئے حکمتِ عملی کے تحت ماس ویکسینیشن سنٹرز کے قیام میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ سید امتیاز حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن کے حوالے سے اہم مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں اور تمام اضلاع میں ماس ویکسینیشن شروع کر رہے ہیں۔ عمومی ویکسینیشن میں ہسپتالوں، عملے اور ضلعی ہیلتھ محکموں کی کارکردگی قابل تحسین ہے، عوام کو کووڈ کے جان لیوا اثرات سے بچانے کے لیے ویکسین لگانے کا عمل تیز کر رہے ہیں اور اسی بنا پر تمام اضلاع میں ماس ویکسینیشن سنٹرز قائم کر رہے ہیں۔ سیکرٹری ہیلتھ نے ڈی ایچ اوز کو اپنے اضلاع میں ماس ویکسینیشن سنٹرز کے قیام کے لیے انتظامات ایک ہفتے تک مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں وبائی صورتحال میں عوامی رسپانس اور ایس او پیز پر عملدرآمد قابل تعریف ہے، عوامی تعاون سے وبا کے دباؤ میں کمی واقع ہوئی ہے، ایسے میں حکومت خیبرپختونخوا ویکسینیشن کے عمل میں تیزی لا رہی ہے تاکہ عوام اور ملاکنڈ ڈویژن میں سیاحوں کو ویکسین لگانے کی سہولت بآسانی میسر آئے اور ویکسین سے استفادہ کرتے ہوئے عوام کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں انتظامی امور اور سول ایڈمنسٹریشن کو پاک آرمی سپورٹ کے حوالے سے جائزہ لیتے ہوئے بریگیڈیئر احمد کمال کا کہنا تھا کہ این سی او سی کے فیصلوں کے تناظر میں ویکسینیشن کے عمل میں بتدریج اضافہ لایا جا رہا ہے اور ایسے میں ضلعوں محکموں کو مستعدی سے بھرپور منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ اور پاک آرمی اس سلسلے میں بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوات میں مزید ماس ویکسینیشن سینٹرز چند دنوں میں کام شروع کر دینگے۔ عوام میں ویکسین لگانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سے ماس ویکسینیشن سنٹرز کا قیام ناگزیر تھا اور سنٹرز کے قیام سے عوام کو بھی ویکسین لگانے کے عمل میں مزید آسانیاں میسر آئیں گی۔ اجلاس میں ملاکنڈ اضلاع کے ہیلتھ آفیسر نے اضلاع کی کارکردگی پر بھی تفصیلی گفتگو کی اور بعد میں ایک ہفتے کے اندر ماس ویکسینیشن سنٹرز قائم کرنے کے لئے لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا

Related Articles

Loading...
Back to top button