مالم جبہ اسکی ریزورٹ کے زیر اہتمام سائیکل ریس، ملک بھر سے کھلاڑیوں نے شرکت کی
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ) مختلف کھیلوں کے مقابلوں کےلئے مشہور مالم جبہ اسکی ریزورٹ کے زیر اہتمام سائیکل ریس منعقد ہوا جس میں پاکستان بھر سے 50 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیتے ہوئے اپنے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا.کراچی سے تعلق رکھنے والے رزاق نے فضاگٹ تا مالم جبہ کا راستہ دو گھنٹے چوالیس سیکنڈز میں مکمل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ رضوان مہارت اور عزم کے بہترین مظاہرے کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا. سوات سے تعلق رکھنے والے اسرار احمد نے پانچویں پوزیشن حاصل کرکے علاقے کا نام روشن کردیا۔پوزیشن ہولڈرز میں اعزازی شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کئےگئے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو ان کی کاوش اور شرکت کے اعتراف میں میڈلز سے نوازا گیا۔مالم جبہ میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات میں عسکری اور سول قیادت، پولیس افسران، مقامی عمائدین اور اسکی ریزورٹ کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت معزز مہمانوں نے شرکت کی اور سائیکل سواروں کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مالم جبہ سکی ریزورٹ کے اعلیٰ عہدیدار شہزاد عالم نے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد کھیلوں کو فروغ دینا اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔ انہوں نے خطے میں کھیلوں کی ترقی کے لیے مسلسل تعاون کو یقینی بناتے ہوئے مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے ریزورٹ کے عزم کا اعادہ کیا۔مالم جبہ اسکی ریزورٹ کے ترجمان نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور دنیا کو امن کا پیغام پہنچانے کے لئے اس طرح کی سرگرمیاں ضروری ہیں اور وہ علاقے میں سیاحت اور کھیلوں کو فروغ دینے، اس کے سافٹ امیج کو بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے فعال کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالم جبہ اسکی ریزورٹ کھیلوں کو فروغ دینے، ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور کھلاڑیوں کے پھلنے پھولنے کے لئے متحرک ہے اور سوات میں کھیلوں اور ایڈونچر ٹورازم کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔شرکاء نے منعقد ہونے والے ایونٹ کیلئے بہترین انتظامات کو سراہا اور مستقبل میں اس طرح کے پروگرامات کا سلسلہ جاری رکھنے کی امید ظاہر کی۔