کوہستان لوئر: شاہراہ قراقرم پر کار گہری کھائی میں جاگری، 6 افراد جاں بحق

کوہستان لوئر: شاہراہ قراقرم پر تریس بانڈہ کے مقام پر پیش آنے والے ایک المناک ٹریفک حادثے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق گلگت سے راولپنڈی جانے والی موٹر کار نمبر AFB-324 کوہستان لوئر کی حدود، تھانہ پٹن کے علاقے تریس بانڈہ میں حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، تھانہ پٹن پولیس، چوکی کیرو اور چوکی مٹہ بانڈہ کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور مقامی افراد کے تعاون سے امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق دشوار گزار علاقے کے باعث امدادی آپریشن میں کئی گھنٹے لگے، جس کے بعد تمام لاشوں کو نکال کر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پٹن منتقل کر دیا گیا۔
جاں بحق افراد میں سلیمان خان ولد محمود تاج سکنہ مظفرآباد، محمد شعبان ولد اختر میاں سکنہ خانیوال، عمران اور دانیال شامل ہیں، جبکہ دو افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



