تحصیل مٹہ کے علاقے بیدرہ میں مبینہ چوری کی کوشش ناکام، 3 خواتین گرفتار، مقدمہ درج

سوات: تحصیل مٹہ کے علاقے بیدرہ میں ایک گھر میں مبینہ چوری کی واردات اس وقت ناکام بنا دی گئی جب سکول سے واپس آنے والے ایک بچے نے گھر کا ٹوٹا ہوا تالا دیکھ کر اندر داخل ہو کر صورتحال کا انکشاف کیا۔
بچے کے مطابق گھر کے اندر موجود ایک خاتون نے اسے پکڑنے کی کوشش کی، جس پر اس نے شور مچا دیا اور اپنے کزنز کو مدد کے لیے آواز دی۔ شور سن کر اہلِ علاقہ موقع پر پہنچ گئے اور فرار ہونے کی کوشش کرنے والی تین خواتین کو قابو کر لیا۔
مقامی افراد کے مطابق خواتین کے قبضے سے سونا، کمبل، چادریں اور دیگر گھریلو سامان برآمد ہوا ہے۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث مزید دو خواتین اور ایک رکشہ ڈرائیور بھی موجود تھے، جو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
خاندان نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ مبینہ طور پر پشاور سے تعلق رکھنے والی خواتین کے پاس نہ شناختی کارڈ تھا اور نہ ہی کوئی سفری دستاویزات، جس پر تحقیقات کی ضرورت ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار خواتین کو تھانہ مٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ متاثرہ خاندان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔



