چارباغ میں زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، سرکاری کرایہ ناموں پر عملدرآمد کی ہدایت

سوات: ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی ہدایات کی روشنی میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چارباغ اسد محسود نے ٹریفک انچارج چارباغ کے ہمراہ پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف خصوصی کارروائی کی اور سرکاری کرایہ ناموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

کارروائی کے دوران مختلف مسافر گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کرایہ نامے گاڑیوں میں نمایاں مقامات پر آویزاں کریں اور مسافروں سے صرف سرکاری نرخوں کے مطابق کرایہ وصول کریں۔

انتظامیہ نے عوام کی جانب سے زائد کرایہ وصول کرنے کی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے خبردار کیا کہ آئندہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور مقررہ کرایوں سے زائد رقم وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اسد محسود نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ٹرانسپورٹرز کو ہر صورت سرکاری کرایہ ناموں کی پابندی کرنا ہوگی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ زائد کرایہ وصولی کی صورت میں متعلقہ انتظامیہ کو فوری اطلاع دیں تاکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

Show More
Back to top button