سوات: یونیورسٹی آف سوات کے نئے مالی سال کے بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں پر وائس چانسلر کی ایم پی اے اختر خان ایڈووکیٹ سے ملاقات

سوات (عارف احمد): یونیورسٹی آف سوات کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم نے ممبر صوبائی اسمبلی اور یونیورسٹی آف سوات کے سینیٹ رکن اختر خان ایڈووکیٹ سے ملاقات کی، جس میں نئے مالی سال کے بجٹ اور یونیورسٹی کی مجموعی ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نئے مالی سال کے بجٹ، تعلیمی ترقی، طلبہ کو درپیش مسائل، یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مختلف منصوبوں کے لیے وسائل کی فراہمی اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم اور ایم پی اے اختر خان ایڈووکیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سوات کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید سہولیات اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سوات کو ایک مضبوط، جدید اور معیاری تعلیمی ادارہ بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون، وسائل اور حکومتی سرپرستی یقینی بنائی جائے گی تاکہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔



