سابق فاٹا، پاٹا اور ملاکنڈ ڈویژن میں موجودہ حالات کے پیشِ نظر کسی بھی وفاقی یا صوبائی ٹیکس کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہیں، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

سوات(عارف احمد): وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر سابق فاٹا اور پاٹا، بالخصوص ملاکنڈ ڈویژن پر وفاقی اور صوبائی سطح پر عائد تمام ٹیکس فوری طور پر واپس لیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام نے دہشت گردی اور بدامنی کے دوران بے مثال قربانیاں دی ہیں، اس لیے ان پر مزید مالی بوجھ ڈالنا مناسب نہیں۔
وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام سوات میں مسلم لیگ (ن) ملاکنڈ ڈویژن کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں ڈویژن بھر کے پارٹی عہدیداران اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ قرارداد کے ذریعے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے ٹیکسوں کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ ٹیکسوں کے خلاف جاری تمام پرامن احتجاجی تحریکوں کی مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا گیا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 2016 میں انہوں نے اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کے سامنے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کا مقدمہ پیش کیا، جس کے بعد کسٹم ایکٹ کا نفاذ واپس لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے پر آج بھی قائد نواز شریف کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ٹیکس استثنیٰ میں مسلسل توسیع دی، اور امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی برقرار رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا کے انضمام کے بعد بھی ان کی کوششوں سے پاٹا کو ٹیکس استثنیٰ میں شامل رکھا گیا اور گزشتہ دس برسوں کے دوران انہوں نے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جدوجہد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر علاقے کو ملک کے دیگر حصوں کی طرح امن، ترقی اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تو ٹیکسوں پر بات ہو سکتی ہے، تاہم موجودہ حالات میں ان کا نفاذ قابلِ قبول نہیں۔
وفاقی وزیر نے تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے جاری پرامن احتجاجی مہم کو بھی سراہا اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر جمہوری اور آئینی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی محمد رشاد خان نے متفقہ قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ ملاکنڈ ڈویژن پر عائد تمام ٹیکس فوری طور پر واپس لیے جائیں اور علاقے کی آئینی و قانونی مراعات کو برقرار رکھا جائے۔
اجلاس سے سابق صوبائی وزیر و سابق ضلع ناظم محمد علی شاہ خان، ضلع صدر ملاکنڈ سجاد خان، ضلع صدر لوئر دیر فاروق خان، جنرل سیکرٹری بونیر ایڈووکیٹ شاہ بخت روان، ضلعی سیکرٹری جنرل بخت عالم خان، ضلع صدر سوات قوی خان، ضلع صدر اپر سوات قیموس خان، صدر ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈ فیڈریشن عبدالرحیم، رکن صوبائی اسمبلی محمد رشاد خان، صدر ملاکنڈ ڈویژن ملک جہانزیب خان، صدر سوات ڈویژن و سابق صوبائی وزیر واجد علی خان، مسلم لائرز فورم کے ایڈووکیٹ رحیم شاہ خان، ضلع باجوڑ کے جنرل سیکرٹری اسرائیلی خان، یوتھ ونگ کے صوبائی سیکرٹری جنرل رشاد خان اور دیگر پارٹی عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔



