سوات: کانجو میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہری پر مبینہ تشدد کی ویڈیو وائرل، عوام میں تشویش

سوات: کانجو بائی پاس چوک میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایک شہری پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد واقعے پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو ٹریفک پولیس اہلکار ایک گاڑی میں سوار شخص کو گاڑی سے اتار کر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں، جبکہ ویڈیو میں اہلکاروں کی جانب سے نامناسب زبان استعمال کرنے کی آوازیں بھی سنائی دیتی ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق شہری اپنی گاڑی میں سفر کر رہا تھا کہ کانجو بائی پاس چوک پر ٹریفک پولیس اہلکاروں نے اسے روکا، مبینہ طور پر گالیاں دیں اور بعد ازاں تشدد کیا۔ ویڈیو میں متاثرہ شخص بھی دعویٰ کرتا ہے کہ وہ معمول کے مطابق گاڑی چلا رہا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے اسے روک کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب پولیس کا مؤقف ہے کہ مذکورہ شہری تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا اور اس نے ایک ٹریفک اہلکار کو ٹکر بھی ماری، جس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔

واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور مقامی شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو پولیس کے پاس اسے گرفتار کرنے اور قانونی کارروائی کرنے کا اختیار موجود ہے، تاہم تشدد یا نامناسب رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

Show More
Back to top button