ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس نفاذ کے خلاف بریکوٹ ایکشن کمیٹی کا مشاورتی اجلاس، 18 جولائی کو اہم اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ

بریکوٹ: ملاکنڈ ڈویژن میں حکومت کی جانب سے حالیہ ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں بریکوٹ ایکشن کمیٹی کا ایک اہم مشاورتی اجلاس ٹریڈ یونین و بازار بریکوٹ کے صدر عزیز احمد خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں قومی امن جرگہ خیبرپختونخوا کے مرکزی چیئرمین نورالہادی، قومی اصلاحی تحریک تحصیل بریکوٹ کے صدر حاجی فضل منان خان، قومی جرگہ تحصیل بریکوٹ کے صدر فدا محمد خان گرانجی، عوامی نیشنل پارٹی تحصیل بریکوٹ کے صدر فضل اکبر خان، جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما شاہی نواب خان، مختلف تاجر تنظیموں کے عہدیداران، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، جرگوں، فلاحی، اصلاحی اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں حکومت کی جانب سے ملاکنڈ ڈویژن میں حالیہ ٹیکسوں کے نفاذ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 18 جولائی بروز ہفتہ بریکوٹ ایکشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس طلب کیا جائے گا، جس میں تحصیل بریکوٹ کی تمام سیاسی جماعتوں کے صدور و جنرل سیکرٹریز، تاجر تنظیموں، جرگوں، فلاحی، اصلاحی، سماجی اور عوامی تنظیموں کے ذمہ داران کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے آئینی و قانونی ٹیکس استثنا کے تحفظ اور عوامی حقوق کے دفاع کے لیے تمام مکاتبِ فکر کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے گا اور تحصیل بریکوٹ میں بھرپور، منظم، مؤثر اور پرامن احتجاجی لائحۂ عمل ترتیب دیا جائے گا، تاکہ حکومت تک عوام کا متفقہ، مضبوط اور واضح مؤقف مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔

Show More
Back to top button