فلک سیر چوٹی پر جاں بحق کوہ پیما کے ساتھیوں کی ڈپٹی کمشنر بر سوات سہیل احمد خان سے ملاقات، ریسکیو کارروائی پر اظہارِ تشکر

بر سوات: ڈپٹی کمشنر بر سوات سہیل احمد خان سے گزشتہ ہفتے فلک سیر چوٹی پر جاں بحق ہونے والے کوہ پیما سید علی شاہ میاں کے ساتھیوں محمد رحیم، محمد عباس، عبدالستار اور مرحوم کے بھائی اقبال شاہ نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران کوہ پیماؤں نے حادثے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 5 جولائی کو فلک سیر چوٹی کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ واپسی کے دوران 11 جولائی کو رسی ٹوٹنے کے باعث سید علی شاہ میاں ولد میاں گل شیرین گہری کھائی میں جا گرے اور شدید زخمی ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد وہ ایک سے دو روز تک زخمی سید علی شاہ کے ساتھ رہے، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ بعد ازاں باقی چاروں کوہ پیما 17 جولائی کو مٹلتان، کالام پہنچے، جہاں انہوں نے مقامی پولیس کو واقعے کی اطلاع دی، جبکہ زخمی ساتھی کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
کوہ پیماؤں نے صوبائی حکومت، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر بر سوات سہیل احمد خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی میت کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کیے گئے، جس پر وہ متعلقہ حکام کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے میڈیا پر حادثے سے متعلق نشر ہونے والی بعض غلط خبروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معذرت بھی کی اور امید ظاہر کی کہ ڈپٹی کمشنر بر سوات کی بروقت کوششوں سے مرحوم کی میت جلد ریسکیو کر لی جائے گی۔



