پی ٹی آئی کا 5 اگست کو پشاور میں عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں جلسے کا اعلان، رہائی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ

پشاور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے 5 اگست کو پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ اعلان چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، پارٹی چیئرمین، جنرل سیکرٹری اور دیگر مرکزی و صوبائی قیادت کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں 5 اگست کے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے 2024 میں اسلام آباد کی جانب پرامن مارچ کیا گیا تھا، تاہم 26 نومبر کو نہتے کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات اور مقدمہ درج کرنے کے لیے پارلیمنٹ اور عدالتوں سے رجوع کیا گیا، تاہم انصاف نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دائر نجی شکایت (پرائیویٹ کمپلینٹ) کو مسترد کر دیا گیا ہے، جس کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اعلیٰ عدلیہ سے انصاف کی فراہمی کی اپیل کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور جمہوریت مضبوط ہو۔

صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ 5 اگست کو عمران خان کی قید کے تین سال مکمل ہو جائیں گے، اسی مناسبت سے پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس میں ملک بھر سے پارٹی کارکن شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا اور اسی روز ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔

Show More
Back to top button