دفعہ 144 پر عملدرآمد، دریائے سوات میں موجود سیاح اور مقامی افراد محفوظ مقامات پر منتقل

سوات : مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر سول ڈیفنس آرگنائزیشن بابوزئی سیکٹر نے دریائے سوات کے کنارے نگرانی اور پٹرولنگ کا سلسلہ تیز کر دیا۔
سول ڈیفنس حکام کے مطابق گروپ وارڈن حبیب اللہ خان کی قیادت میں اہلکاروں نے فضاگٹ ایمرجنسی رسپانس پوائنٹ پر پٹرولنگ کے دوران دریائے سوات میں موجود مقامی افراد اور سیاحوں کو حفاظتی نقطہ نظر سے دریا سے باہر نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
حکام کے مطابق ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی جانب سے نافذ دفعہ 144 پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے سول ڈیفنس کے اہلکار مختلف مقامات پر متحرک ہیں اور دریائے سوات کے کناروں پر مسلسل نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سول ڈیفنس کے مطابق ڈپٹی چیف وارڈن ڈاکٹر خالد مظہر اور ڈویژنل وارڈن بونیر گل خان آپریشنل سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ممکنہ ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔



