شانگلہ بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، مختلف علاقوں میں تلاشی، عمائدین سے ملاقاتیں

شانگلہ (نمائندہ خصوصی): ضلع شانگلہ میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مختلف تھانوں کی حدود میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیے گئے۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ کی ہدایات پر ہونے والے آپریشنز کے دوران مختلف علاقوں میں سرچ کارروائیاں کی گئیں، جبکہ مقامی عمائدین اور معززین سے ملاقاتیں بھی کی گئیں۔
پولیس حکام نے کمیونٹی پولیسنگ، منشیات کے خاتمے، مشتبہ افراد کی نشاندہی اور جرائم کی روک تھام سے متعلق امور پر عمائدین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے عوام سے پولیس کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔
پولیس کے مطابق آپریشن میں ضلع پولیس کے علاوہ ایلیٹ فورس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ڈسٹرکٹ سیکیورٹی برانچ کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔
ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے ایسے آپریشنز آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔


