خوازہ خیلہ میں غیر قانونی کرش پلانٹس کے خلاف کارروائی، چار سیل، ایک مسمار، مالک گرفتار

بر سوات: صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کی گڈ گورننس پالیسی کے تحت ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خوازہ خیلہ نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز اور پولیس کے ہمراہ گیمن پل کے علاقے میں قائم کرش پلانٹس کا مشترکہ معائنہ کیا۔

معائنے کے دوران پانچ کرش پلانٹس کا جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق چار کرش پلانٹس کے این او سی کی مدت ختم ہو چکی تھی، جس پر انہیں سیل کر دیا گیا۔ متعلقہ مالکان کو ہدایت کی گئی کہ 15 روز کے اندر این او سی حاصل کر کے قانونی تقاضے مکمل کریں۔

حکام کے مطابق ایک کرش پلانٹ بغیر این او سی غیر قانونی طور پر چلایا جا رہا تھا، جسے موقع پر مسمار کر دیا گیا۔

کارروائی کے دوران غیر قانونی کرش پلانٹ کے مالک نے مبینہ طور پر سرکاری فرائض میں مداخلت، معائنہ ٹیم کے ساتھ بدتمیزی اور دھمکیاں دیں، جس پر پولیس نے اسے گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق غیر قانونی صنعتی سرگرمیوں، ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی اور سرکاری امور میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Show More
Back to top button