سوات، چترال اور دیر کے سیاحتی علاقوں کے لیے 17 سڑکوں کے منصوبوں کی منظوری، 5 ارب روپے کی سرمایہ کاری

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سوات سمیت صوبے کے دیگر اہم سیاحتی علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے لیے 17 منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔

حکومت کے مطابق ان منصوبوں کے تحت سوات، چترال اپر، اپر دیر اور لوئر دیر کے مختلف سیاحتی مقامات میں 91.5 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و بحالی پر تقریباً 5 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔

منصوبوں کا مقصد سیاحتی علاقوں کو بہتر شاہراہوں کے ذریعے منسلک کرنا ہے تاکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم ہو اور سیاحت کے شعبے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

حکام کے مطابق سڑکوں کی تعمیر سے مقامی کاروبار، ہوٹلنگ، ریسٹورنٹس اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کو ترقی ملے گی، جبکہ نوجوانوں کے لیے روزگار اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

خیبرپختونخوا حکومت کے مطابق سیاحتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے ذریعے قدرتی حسن سے مالا مال علاقوں کو عالمی سیاحتی نقشے پر اجاگر کرنے اور مقامی آبادی کو معاشی فوائد پہنچانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

Show More
Back to top button