مینگورہ بارامہ قونج کے مکینوں کا بجلی ٹرانسفارمر اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ، پریس کلب کے سامنے احتجاج

سوات : سوات کے مرکزی شہر مینگورہ کے علاقے بارامہ قونج کے مکینوں نے کم گنجائش والے بجلی ٹرانسفارمر اور بجلی کی بار بار بندش کے خلاف سوات پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں نصب 100 کے وی اے ٹرانسفارمر کو فوری طور پر 200 کے وی اے میں تبدیل کیا جائے تاکہ بجلی کی فراہمی میں بہتری آ سکے۔
احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ 300 سے زائد گھروں کا بوجھ ایک ہی ٹرانسفارمر پر ہونے کے باعث وہ بار بار خراب ہو جاتا ہے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت دو مرتبہ ٹرانسفارمر کی مرمت بھی کروا چکے ہیں۔
مظاہرین نے کہا کہ شدید گرمی کے دوران بجلی کی طویل بندش سے خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت تمام شہری متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور مسئلے کے مستقل حل کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ٹرانسفارمر کی تبدیلی کا مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔



